NationalPosted at: Oct 22 2018 9:56PM دہشت گردوں کی حمایت بند کرے پاکستان: ہندوستان
نئی دہلی، 22 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹ جس میں جموں وکشمیر پر تنقید کی گئی ہے ، کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کو پڑوسی ممالک کے خلاف دہشت گردی کی حمایت اور تعاون کرنابند کرنا چاہئے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے یہاں کہا کہ ’’پاکستان کے وزیراعظم کی جانب سے آج ایک ٹوئٹ میں کی گئی تنقیدیں افسوسناک ہیں۔ ہندوستان کے اندرونی معاملوں میں دخل اندازی کے بجائے پاکستانی قیادت کو اپنے اندرون معاملوں کو حل کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان جنوب ایشیائی علاقے کے لوگوں کے مقاصد کی تبھی تکمیل کرسکتا ہے جب وہ ہندوستان اور دیگر پڑوسیوں کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں اور دہشت گردی کی تعریف کرنے کے بجائے اپنی سرزمین سے ہر قسم کی دہشت گردی کی حمایت اور انہیں ڈھانچہ جاتی تعاون فراہم کرنا بند کرے۔‘‘
مسٹر کمار نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد کی حمایت کے ساتھ ساتھ بات چیت کی پیشکش پاکستان کی جانب سے ایک فریب ہے ، جو دنیا کے سامنے ظاہر ہوچکا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم مسٹر عمران خان نے آج ٹوئٹ کرکے جموں وکشمیر میں اتوار کو مختلف جگہوں پر ہوئی مڈبھیڑوں میں 16 لوگوں کی اموات پر تنقید کرتے ہوئے ہندوستان پر کشمیر میں ظلم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کشمیر میں بے گناہوں کی ہلاکتوں کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
یو این آئی۔ ظ ا