NationalPosted at: Dec 5 2024 9:54PM امیت شاہ کی نگرانی میں دہلی میں کچھ بھی محفوظ نہیں: اے اے پی
نئی دہلی، 05 دسمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے وزیر داخلہ امت شاہ کے دہلی کی سیکورٹی کو سنبھالنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں یہاں کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔
اے اے پی نے دہلی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بلیو لائن پر میٹرو کیبل کی چوری کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے آج ٹویٹر پر کہاکہ "امیت شاہ جی، دہلی میں کیا ہو رہا ہے۔ دہلی میٹرو کیبل بھی چوری ہوگئی۔ کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔ کچھ کرو۔"
اے اےپی کے سینئر لیڈر اور دہلی حکومت میں کابینہ کے وزیر سوربھ بھاردواج نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میٹرو کی بلیو لائن پر کیرتی نگر سے موتی نگر تک کیبل چوری ہو گئی ہے۔ حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی راجدھانی دہلی ہے، اس کی سیکورٹی کی ذمہ داری براہ راست مرکزی حکومت اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ہاتھ میں ہے، اس کے باوجود میٹرو کیبل چوری ہوگئی۔
مسٹر بھاردواج نے کہا کہ کیبل چوری تو ایک مثال ہے، دہلی میں ہر روز گاڑیاں چوری ہو رہی ہیں، کاروں کے ٹائر چوری ہو رہے ہیں، موبائل فون چھین رہے ہیں اور بینکوں میں بھی ڈاکہ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گھروں سے پانی کے پمپ چوری ہو رہے ہیں، حکومت کی طرف سے لگائی گئی موٹریں اور ان کی تاریں بھی چوری ہو رہی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ "دہلی ملک کی راجدھانی ہے اور پھر بھی یہاں جرائم میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔"
انہوں نے کہاکہ ’’میں وزیر داخلہ امت شاہ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ دہلی کی سیکورٹی پر بھی کچھ وقت دیں۔
یواین آئی۔ ظ ا