NationalPosted at: Mar 13 2018 8:02PM دہلی تاجروں کا سیلنگ کے خلاف بند
نئی دہلی، 13 مارچ (یواین آئی) راجدھانی دہلی میں ہورہی سیلنگ کے خلاف اپنے غصہ کے اظہار کے لئے منگل کو سات لاکھ سے زائد تاجروں نے کاروبار بند کے ساتھ ساتھ مختلف جگہوں پر مظاہرہ اور احتجاج کیا۔ اس سیلنگ کی مخالفت کرنے کے لئے کچھ تاجروں نے دھرنا بھی دیا جبکہ کچھ تاجروں نے دیگر طریقے اختیار کئے۔
کنفڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے آئی ٹی) نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سیلنگ غیرقانونی اور ظالمانہ ہے۔ دہلی کے تمام اہم بازار کناٹ پلیس، چاندنی چوک،کرول باغ، صدر بازار، کشمیری گیٹ، بگھیرتھ پلیس، خان مارکیٹ، ساؤتھ ایکسٹنشن، لاجپت نگر، ڈیفنس کالونی، راجوری گارڈن کے علاوہ تمام زون جس میں جمنا پار شامل ہے، پوری طرح بند رہے۔
چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) نے سیلنگ کے خلاف اس مہم میں کنفڈریشن کا ساتھ دیا اور مکمل بند کا اعلان کیا تھا۔ سی ٹی آئی نے احتجاج کا منفرد طریقہ اختیار کرتے ہوئے سیلنگ کا جنازہ اٹھا کر اپنا احتجاج درج کرایا۔
اس سے پہلے دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے دھمکی دی تھی کہ اگر 31 مارچ سے پہلے سیلنگ نہیں رکی تو وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔
مسٹر کجریوال نے منگل کو ایک کل جماعتی میٹنگ کا بھی انعقاد کیا تاکہ سیلنگ کے تعلق پیش آنے والے مسائل کا حل ڈھونڈا جاسکے۔
یواین آئی۔ عاصم