NationalPosted at: May 22 2017 4:58PM اچھے مانسون سے آئندہ سال بھی شاندار پیداوار کی امید:رادھا موہن
نئی دہلی ،22مئی،(یواین آئی)وزیر زراعت رادھاموہن سنگھ نے آج کہا کہ ملک میں امسال بہتر مانسون کے امکان کی وجہ سے آئندہ سال بھی فصلوں کی ریکارڈپیداوار کی امید ہے ۔ مسٹر سنگھ نے یہاں پریس کانفرنس میں اپنی وزارت کی تین سال کی حصولیابیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات نے بہتر مانسون کی پیش گوئی کی ہے اور یہ وقت سے پہلےگوا اور کچھ مقامات پر آگیا ہے جسکی وجہ سے آئندہ سال فصلوں کی ریکارڈ پیدا وار کی امید ہے ۔ اسکی وجہ سے زرعی اور اس سے متعلقہ شعبوں کی سالانہ شرح ترقی 4 اعشاریہ 4 فیصد سے تجاوز کرجائیگی۔ انھوں نے کہا کہ سال 17۔2016 کے تیسرے تخمینہ کے مطابق27کروڑ33لاکھ ٹن پیداوار ہونے کا امکان ہے جو سال 16۔2015 کے مقابلہ 8 اعشاریہ چھ سات فیصد زیادہ ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تین سے چار سال میں ملک دلہن کی پیداوار میں خودکفیل ہوجائیگا۔اس بار دو کروڑ24لاکھ ٹن دلہن کی پیداوار کا امکان ہے جو پچھلےسال کے مقابلہ 37فیصد زیادہ ہے ۔ وزیرزراعت نے مٹی کی جانچ میں ہونے والی پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے دوران ملک کے 14کروڑ کسانوں کو سوائل ہیلتھ کارڈ دستیاب کرائے جائیں گے۔ ابھی تک 7کروڑ 25لاکھ کسانوں کو سوائل ہیلتھ کارڈ فراہم کئے گئے ہیں۔ یواین آئی۔ایف اے