NationalPosted at: Aug 19 2018 7:45PM وزیر اعلی نتیش کمار اے ایم یو کشن گنج سنٹر کے رکے ہوئے فنڈ کو جاری کرانے میں اپنے تعلقات کا استعمال کریں۔ پروفیسر عبدالغفور
نئی دہلی، 19اگست (یو این آئی)راشٹریہ جنتا دل کے سینئر لیڈر اور بہار کے سابق وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر عبدالغفور نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کشن گنج سنٹر کی بدحالی کی طرف بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ قومی جمہوری اتحاد کے اتحادی ہونے کے ناطے اس سنٹر کے فنڈ ریلیز میں خصوصی کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار بہار میں این ڈی اے کے تعاون سے حکومت چلا رہے ہیں اور مرکز میں بھی این ڈی اے کا حصہ ہیں اگر وہ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی کے ساتھ پہل کریں تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ اے ایم یو کشن گنج سنٹر کے لئے فنڈ ریلیز نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ مسٹر کمار نے ہی اس سنٹر کے لئے زمین دی تھی اور اس وجہ سے ان کی اے ایم یو کشن گنج سنٹر میں ذاتی دلچسپی بھی ہونی چاہئے لہذا اپنے تعلقات اورعہدے کا استعمال کرتے ہوئے اس سنٹر کے رکے ہوئے فنڈ کو جلد از جلد جاری کرانے کی کوشش کریں۔
پروفیسر غفور نے کہاکہ اس سنٹر کے مکمل یونیورسٹی کی مکمل شکل اختیار کرلینے سے نہ صرف یہ کہ بہار میں تعلیمی ترقی ہوگی بلکہ سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی بھی ہوگی اور لوگوں کے معیار زندگی بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا اور پورے ملک سے یہاں طلبہ پڑھنے آئیں گے جس سے بہار کی ترقی ہوگی اس لئے ضروری ہے کہ وزیر اعلی اس سمت میں خصوصی توجہ دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے اعلان کیا تھا کہ بہار کے ہر اقلیتی علاقے میں ایک سی بی ایس ای اسکول کھولا جائے گا لیکن اب تک کسی علاقے میں اسکول نہیں کھولا گیا ہے ، وزیراعلی اس جانب بھی توجہ دیں۔
واضح رہے کہ سابقہ یوپی اے حکومت نے اے ایم یو کشن گنج سنٹر کے لئے 136.82کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا جس میں سے بہ مشکل دس کروڑ روپے کشن گنج سنٹر کے لئے ریلیز ہوئے ہیں۔ کئی بار مرکزی وزیر سے فنڈ کے سلسلے میں مختلف وفود کی ملاقات ہوچکی ہے اور گزشتہ سال دسمبر میں مرکزی وزیر سے ملاقات کرکے فنڈ ریلیز کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن اب تک اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔اے ایم یو کشن گنج سنٹر کا فنڈ ریلیز نہ ہونے کا نتیجہ یہ ہے کہ اے ایم یو کشن گنج سنٹرآخری سانسیں گن رہا ہے کیوں کہ اس وقت صرف ایم بی اے کی تعلیم ہورہی ہے جب کہ گزشتہ سال تک بی ایڈ کی تعلیم ہورہی تھیجب کہکشن گنج ضلع تعلیمی لحافظ سے پسماندہ ضلع میں شمار ہوتا ہے یہاں تعلیم کی سب سے زیادہ ضرورت ہے مگر اس علاقے کو ایک سازش کے تحت نظر انداز کیا جارہا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔