OthersPosted at: Mar 2 2021 10:55PM آسام میں کانگریس اقتدار میں آئی تو سی اے اے کو منسوخ کریں گے: پرینکا
تیج پور، 2 مارچ (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) نافذ کئے جانے پر برسراقتدار بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی آسام میں اقتدار میں آتی ہے تو اس قانون کو منسوخ کیا جائے گا۔
محترمہ گاندھی نے آسام دورے کے دوسرے دن منگل کو یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ذات، مٹی اور بیٹی کی حفاظت کریں گے اور آپ نے انہیں ووٹ دیئے، لیکن آپ دیکھئے کہ انہوں نے اقتدار میں آنے کے بعد کیا کیا۔ انہوں نے سی اے اے کو پاس کیا لیکن ہم اقتدار میں آئے تو اس قانون کو منسوخ کریں گے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ انتخاب یقین کا انتخاب ہے اور ریاست کے عوام کو ایک پارٹی نے پانچ برس پہلے یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ 25 لاکھ لوگوں کو روزگار دیئے جائیں گے انہوں نے اس کے بدلے سی اے اے منظور کیا۔ کانگریس پارٹی کھوکھلے وعدے نہیں کررہی ہے لیکن پانچ گارنٹی دے رہی ہے‘‘۔
انہوں نے ریاست کے عوام کے ساتھ پانچ وعدے کئے اور یہ بھی کہا کہ اقتدار میں آنے پر انہیں پورا کیا جائے گا۔ ان وعدوں میں سی اے اے کی منسوخی، پانچ لاکھ سرکاری نوکریاں دینا، چائے باغان کے مزدوروں کے بھتے بڑھاکر 365 روپے کرنا، ہر ایک گھر کو ہر ماہ 200 یونٹ مفت بجلی مہیا کرانا اور دو ہزار روپے فی کنبے اقتصادی امداد دینا شامل ہے۔
یو این آئی۔ این یو۔