NationalPosted at: Nov 9 2019 4:52PM متھرا،کاشی کا مسئلہ اٹھانے کی ابھی فرصت نہیں :وی ایچ پی
نئی دہلی ،9نومبر(یواین آئی)وشوہندوپریشد (وی ایچ پی )نے اجودھیا میں رام جنم بھومی معاملہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کو سچائی اور انصاف کا اعلان قراردیتے ہوئے آج اشارہ دیا کہ وہ متھرا اورکاشی کا معاملہ نہیں اٹھائے گی اور عالی شان مندر کی تعمیر شروع ہونے کے ساتھ ہی مذہبی بیداری کے کام میں مصروف ہوجائیگی۔
وی ایچ پی کے بین الاقوامی کارگزار صدر آلوک کمار نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ وی ایچ پی کا کام رام مندر کی تعمیر نہیں ہے ۔یہ کام شری رام جنم بھومی ٹرسٹ کرے گا جسے عدالت نے متنازعہ 2اعشاریہ 77ایکڑ زمین سونپ دی ہے ۔وی ایچ پی مانتی ہے کہ فیصلہ کےبعد رام مندر بنانے کی شروعات ہوئی ہے ۔وی ایچ پی اب اسی کے ساتھ ملک میں مذہبی بیداری کاکام کرے گی ۔
یہ پوچھے جانے پر کہ اجودھیا مسئلہ کا حل نکلنے کے بعد کیاوی ایچ پی متھرا اور کاشی کا معاملہ اٹھائیگی ،ڈاکٹر آلوک کمار نے کہاکہ وہ ملک کویقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہماری پوری توجہ عالی شان مندر کی تعمیر اور ثقافتی بیداری پر مرکوز رہے گی ۔کوئی مسئلہ اٹھانے کی ابھی انھیں فرصت نہیں ہے ۔
سپریم کورٹ کے ذریعہ مسلمانوں کو مسجد بنانے کےلیے پانچ ایکڑ زمین دیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ یہ معاملہ حکومت سے متعلق ہے ۔زمین حکومت کو حکومت کو دینی ہے ،وی ایچ پی کونہیں ۔سنی وقف بورڈ زمین لیتاہے یانہیں یہ ان پر منحصر ہے ۔
یواین آئی۔ایف اے