InternationalPosted at: Dec 5 2024 11:08PM کرنسی نوٹوں سے بانی بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر ہٹا دی گئی
ڈھاکہ،5 دسمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش بینک نے جولائی اگست کی بغاوت سے متاثر ہو کر نئے ڈیزائن کے ساتھ نوٹوں کی چھپائی شروع کر دی ہے اور نوٹوں سے ملک کے بانی بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کے حکم پر 20، 100، 500 اور 1000 روپے کے نوٹ نئے ڈیزائن کے ساتھ چھاپے جا رہے ہیں۔
'ڈیلی سن' کی رپورٹ کے مطابق نئے نوٹ اگلے چھ ماہ کے اندر مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے۔
شیخ حسینہ کی سربراہی میں عوامی لیگ کی حکومت کو 5 اگست کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد بنگلہ دیش بینک کے حکام نے کہا کہ نوٹوں میں بنگ بندھو کی تصویر کے بجائے مذہبی ڈھانچے، بنگالی ثقافت اور 'جولائی ریوولیوشن گرافٹی' شامل کی جائیں گی۔
اس سے قبل 29 ستمبر کو وزارت خزانہ کے تحت مالیاتی اداروں کے ڈویژن نے بنگلہ دیش بینک (بی بی) کو نئے نوٹ کے لیے تفصیلی ڈیزائن کی تجویز پیش کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔ بی بی کی ترجمان اور ایگزیکٹوت ڈائریکٹر حسن آرا شکھا نے کہا کہ نئے نوٹوں کی چھپائی کا معاملہ کافی آگے بڑھ چکا ہے۔ مجھے امید ہے کہ نئے نوٹ اگلے چھ ماہ کے اندر مارکیٹ میں آ جائیں گے۔
یواین آئی، م ش