NationalPosted at: Sep 27 2021 10:49PM بھارت بند کے دوران 3 کسانوں کی موت ہوگئی: کسانوں کی تنظیم
نئی دہلی ، 27 ستمبر (یو این آئی) مرکزی حکومت کے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج میں بھارت بند کے دوران پیر کے روز تین کسانوں کی موت ہوگئی متحدہ کسان مورچہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بند کے دوران تین کسانوں کی موت ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والے کسانوں کے بارے میں تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں دہلی-ہریانہ کی سنگھو بارڈر پر ایک کسان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کسان کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی معلوم ہوگی۔
خیال رہے مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے متحدہ کسان مورچہ کی قیادت میں ملک بھر کی 40 سے زائد کسان تنظیموں نے آج بھارت بند کی کال دی تھی۔ کسانوں کے بھارت بند کو کئی سیاسی پارٹیوں بشمول کانگریس ، عام آدمی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی ، سماج وادی پارٹی ، وائی ایس آر کانگریس ، بائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔
یواین آئی،اظ