OthersPosted at: Mar 1 2021 6:05PM بہار کے ہر ضلع میں ایتھنول پر مبنی صنعت قائم ہوگی: شہنواز حسین
پٹنہ یکم مارچ ( یواین آئی) بہار کے وزیر صنعت سید شاہنواز حسین نے آج کہاکہ ریاست کے ہر ضلع میں ایتھنول پرمبنی صنعت قائم کئے جائیں گے اور اس کے لئے حکومت مشن موڈ میں کام کر رہی ہے مسٹر حسین نے اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے وجے کمار کھیمکا کے سوال کے جواب میں کہاکہ مرکزی حکومت نے ایتھنول پیدوار کی منظوری دی ہے جس کا بہت بڑا فائدہ بہار کو ملے گا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت نے ریاست میں صنعت کو فروغ دینے کیلئے 2006 میں ہی گنا سے ایتھنول بنانے کی تجویز مرکز کی موجودہ یو پی اے حکومت کو بھیجی تھی لیکن تب حکومت نے اس تجویز کو نامنظور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ اب مرکز نے ایتھنول پیدوار کی اجازت دے دی ہے تو نہ صرف بند چینی صنعت پھر سے شروع ہوگی بلکہ ریاست ایتھنول کا ہب بنے گا۔
وزیر صنعت نے کہاکہ ریاست میں قریب ڈھائی ہزار ایکڑ اراضی بند ملوں کی ہے ، اس میں قریب 50 ایکڑ میں ایتھنول کی یونٹ قائم کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایتھنول صرف گنا سے ہی نہیں بلکہ مکا اور چاول سے بھی بن سکتا ہے ۔ اسے دیکھتے ہوئے ریاست کے ہر ضلع میں ایتھنول پر مبنی صنعت قائم کی جائے گی ۔ اس کے لئے حکومت مشن موڈ میں کام کر رہی ہے ۔
یواین آئی۔ قمر