NationalPosted at: Sep 27 2021 7:33PM ہندوستان کا جغرافیائی تنوع دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے : برلا
نئی دہلی ، 27 ستمبر (یو این آئی) لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ہمارے ملک کی ثقافتی میراث اور جغرافیائی تنوع دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
مسٹر برلا نے پیر کے روز عالمی یوم سیاحت کے موقع پر وزارت سیاحت کے زیر اہتمام پروگرام ’ جامع ترقی کے لئے ساحت‘ میں کہا کہ کووڈ کا قہر کم ہونے کے بعد ہندوستان میں سیاحت کے شعبے میں تیزی سے بہتری ہورہی ہے ۔ اجتماعی اور پرعزم کوششوں سے ہم اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ ہندوستان دنیا میں سیاحت کے بہترین مقام کے طور پر ابھرے۔
برلا نے کہا ’’جس طرح ہم نے کووڈ 19 کا مقابلہ کیا ہے ، اسی اجتماعی طاقت اور مربوط کوششوں سے ہم اپنی معیشت کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاحت کا شعبہ معیشت اور روزگار کے گروتھ انجنوں میں سے ایک ہے ، اس لیے اس شعبے کی مزید ترقی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔
ہندوستان میں سیاحت کے بے پناہ امکانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ہمارے ملک کی ثقافتی میراث اور جغرافیائی تنوع دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
ہندوستان کی ملکی اور خارجہ پالیسی سے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول ملا ہے ۔ ہمارا ہدف ہندوستان کو سیاحت کا بہترین مقام بنانا ہے ۔ سیاحتی مقامات کو سیاح دوست بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کی جانی چاہئے ۔ مسٹر برلا نے گھریلو اور بین الاقوامی سطح پر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا ہے ۔
یواین آئی ۔ ک ج