NationalPosted at: Jun 28 2017 9:44PM مرکزی ملازمین کو یکم جولائی سے ترمیم شدہ بھتے ملیں گے
نئی دہلی، 28 جون (یو این آئی) حکومت نے فوجیوں اور مرکزی ملازمین کے بھتوں کے سلسلے میں ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کو ترمیمات کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ ترمیمی بھتے یکم جولائی سے نافذ ہوں گے۔ اس سے سرکاری خزانہ پر 30748.23 کروڑ روپئے کا اضافی سالانہ بوجھ پڑے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں اس سلسلے میں قرار داد کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد وزیرخزانہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ 34 ترمیمات کے ساتھ ساتویں پے کمیشن کے بھتوں سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس میں فوجیوں کے ہارڈشپ بھتے میں اضافہ کیا گیا ہے اور سیاچن میں تعینات فوجیوں کو 14 ہزار کی جگہ 30 ہزار روپئے اور حکام کو 30 ہزار کی جگہ 42500 روپئے بھتہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ساتویں پے کمیشن نے 95 طرح کے بھتوں کو برقرار رکھنے اور 53 بھتوں کو ختم کرنے کی سفارش کی تھی جبکہ کابینہ نے 108 بھتوں کو برقرار رکھا ہے، 34 کا دیگر بھتوں میں انضمام کردیا گیا ہے اور صرف 43 کو ختم کیا ہے۔ ریلوے سے متعلق 12 بھتوں پر بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔ جاری۔ یو این آئی۔ س ا