NationalPosted at: Jun 23 2024 8:06PM سی بی آئی نے نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ درج کیا
نئی دہلی، 23 جون (یو این آئی) مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مرکزی وزارت تعلیم کی تحریری شکایت کی بنیاد پر قومی اہلیت مع داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی) (یو جی) میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے اتوار کے روز یہاں یہ اطلاع دی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی آر میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ 5 مئی کو نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعہ منعقدہ این ای ای ٹی (یو جی) 2024 کے امتحان کے دوران کچھ ریاستوں میں مختلف واقعات پیش آئے۔
یہ امتحان 14 غیر ملکی شہروں سمیت 571 شہروں میں 4,750 مراکز پر منعقد کیا گیا تھا۔ امتحان میں 23 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم نے سی بی آئی سے درخواست کی ہے کہ وہ مبینہ بے ضابطگیوں بشمول سازش، دھوکہ دہی، نقالی، اعتماد شکنی اور امیدواروں، اداروں اور دلالوں کے ذریعہ ثبوتوں کو تباہ کرنے اور بے ضابطگیوں کی کوششوں سمیت پورے معاملے کی جامع تحقیقات کرے۔
وزارت تعلیم نے سی بی آئی سے درخواست کی ہے کہ امتحان کے انعقاد سے منسلک سرکاری ملازمین کے رول، اگر کوئی ہو، کی تحقیقات کرے اور واقعات کے مکمل دائرہ کار اور بڑی سازش کی جانچ کرے۔
اس کے مطابق سی بی آئی نے فوجداری مقدمہ درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔ سی بی آئی کی طرف سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ مقدمے کی تحقیقات کی جا سکیں اور ان ٹیموں کو پٹنہ اور گودھرا بھیجا جا رہا ہے جہاں مقامی پولس نے مقدمات درج کیے ہیں۔
یو این آئی۔ م ش۔