NationalPosted at: Jul 22 2017 10:10PM گولہ بارود کی کمی پر مودی جواب دے۔ کانگریس
نئی دہلی، 22 جولائی (یو این آئی) کانگریس نے فوج کے پاس گولہ بارود کی کمی سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (کیگ) کی رپورٹ پر آج کہا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو ملک کے عوام کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ملک کی شمالی اور مغربی سرحد پر کشیدگی کا ماحول ہے۔ ایک طرف چین اور ہندوستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی کا ماحول ہے اور دوسری طرف پاکستان مسلسل سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس صورت حال میں ملک کے پاس گولہ بارود کم ہونا تشویش کا باعث ہے اور مسٹر مودی اور ان کی حکومت کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ حکومت کو فوج کی تمام ضروریات کو ہر حال میں پوری کرنا چاہئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت وزارت دفاع پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں یہ دوسرا موقع ہے جب ملک کے پاس کل وقتی وزیر دفاع نہیں ہے۔ پہلی بار جب مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا تھا تو انہوں نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو ہی وزیر دفاع کا اضافی چارج دیا تھا اور جب وزیر دفاع منوہر پاریکر کو واپس گوا وزیر اعلی بنا کر بھیجا گیا تو دوبارہ مسٹر جیٹلی کو ہی وزارت دفاع کی کمان سونپ دی گئی اور ایک بار پھر ملک کے پاس کوئی کل وقتی وزیر دفاع نہیں ہے۔ یو این آئی۔ ع ا۔ 2050