NationalPosted at: Aug 3 2024 10:41PM بی جے پی نے دھاندلی سے لوک سبھا کی 79 سیٹیں جیتیں: کانگریس
نئی دہلی، 03 اگست (یو این آئی) کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں دھاندلی کرکے 79 سیٹیں جیتی ہیں۔
کانگریس کے لیڈر سندیپ دکشت نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں 'ووٹ فار ڈیموکریسی' نامی تنظیم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے مختلف طریقوں سے لوک سبھا انتخابی نتائج کا تجزیہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے تجزیہ کاروں کے مطابق اعلان کردہ نتائج کے اعداد و شمار اور حتمی ووٹنگ فیصد میں بڑا فرق ہے اور قومی سطح پر یہ فرق 4.7 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب انتخابات ہوتے ہیں تو الیکشن کمیشن ووٹنگ کے ہر دو گھنٹے بعد ووٹنگ فیصد کا ڈیٹا بھیجتا ہے لیکن اس بار کمیشن نے ووٹنگ کا فیصد ووٹنگ کے ہر مرحلے کے کئی دن بعد دیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس بار آندھرا پردیش اور اوڈیشہ میں 12.5 فیصد ووٹ بڑھے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ سے بی جے پی اور اس کی حلیف تلگو دیشم پارٹی نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ رپورٹ کا کئی طریقوں سے تجزیہ کیا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ کون سا امیدوار کتنے فرق سے جیتا اور کہاں ووٹ فیصد میں اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم نے بہت سی سیٹوں پر جیت ہار کے فرق کا بھی ایک جامع تجزیہ کیا اور پتہ چلا کہ ملک میں 79 ایسی سیٹیں ہیں جہاں ووٹنگ فیصد بڑھنے کی وجہ سے بی جے پی امیدوار نے بہت کم فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تجزیہ درست مانا جائے تو اس لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی نے دھاندلی کرکے 79 سیٹیں جیتی ہیں اور الیکشن کمیشن کو اس دھاندلی کے بارے میں جواب دینا چاہئے۔
یو این آئی۔ م ع۔ 2200