NationalPosted at: Jun 10 2023 9:14PM دہلی منڈیوں میں ایم ایس پی پر خریداری کو یقینی بنایا جائے: کانگریس
نئی دہلی، 10 جون (یو این آئی) دہلی پردیش کانگریس نے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے درخواست کی ہے کہ وہ دہلی کی نریلا اور نجف گڑھ منڈیوں میں 13 اناج کی خریداری کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو یقینی بنائیں، تاکہ کسانوں کو ایم ایس پی کا فائدہ مل سکے۔
دہلی پردیش کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ معلومات کے حق (آر ٹی آئی) کے تحت یہ اطلاع ملی ہے کہ مرکزی حکومت نے 13 اناج پر ایم ایس پی مقرر کی ہے لیکن دہلی میں صرف ایم ایس پی پر گندم خریدی جاتی ہے اور اس سال تو گیہوں کی بھی خریداری نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر کیجریوال دوسری ریاستوں میں جاکر بڑے بڑے بیانات دیتے ہیں کہ دہلی حکومت ایم ایس پی پر خریداری کرتی ہے، جب کہ یہ حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔ دہلی میں دو بڑی اناج منڈیاں ہیں، نریلا اور نجف گڑھ، جہاں اس سال کسانوں کا 263234 کوئنٹل گیہوں ایجنٹوں نے فروخت کیا۔ جبکہ سرسوں 85386 کوئنٹل، دھان 669709 کوئنٹل، باجرہ 21920 کوئنٹل اور چنا 873 کوئنٹل خریدا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار ایف سی آئی نے دونوں منڈیوں میں کوئی خریداری نہیں کی اور کسانوں کو ایجنٹوں کے ذریعے 1800-1900 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے گیہوں بیچنا پڑا۔ اسی طرح سرسوں کا ایم ایس پی 5450 روپے ہے جسے 4200-4300 روپے فی کوئنٹل میں فروخت کرنا پڑا۔
یواین آئی۔ م ع۔ 2101