NationalPosted at: Jan 21 2025 3:45PM گاندھی جی کا سچائی اور عدم تشدد کا راستہ کانگریس کا راستہ ہے: پرینکا

نئی دہلی، 21 جنوری (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ کانگریس بابائے قوم مہاتما گاندھی کے دکھائے گئے عدم تشدد اور مساوات کے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے اور گاندھی جی کا دکھایا ہوا راستہ ہی کانگریس کا راستہ ہے محترمہ واڈرا نے آج ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا "مہاتما گاندھی جی نہ صرف انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما ہیں، بلکہ وہ پورے ہندوستان کے رہنما ہیں، جنہوں نے دنیا کو سچائی کی عظیم اقدار سے متعارف کرایا۔ عدم تشدد اور ستیہ گرہ، آزادی کی تحریک کے دوران، سو سال پہلے، گاندھی جی کانگریس کے صدر بنے اور انہوں نے تحریک آزادی کو ہر ہندوستانی کی تحریک بنا دیا۔ ان کی اقدار نے ہر ہندوستانی کو ایسی زبردست ہمت سے بھر دیا، جو برطانوی حکومت کا تختہ الٹنے کا محرک عنصر بن گیا۔
انہوں نے کہا ’’کانگریس کا راستہ گاندھی جی کا راستہ ہے جو تشدد، نفرت اور تفرقہ انگیز خیالات کے خلاف انسانیت کی اعلیٰ ترین اقدار کو برقرار رکھتا ہے۔ آج کانگریس صدر مسٹر ملکارجن کھڑگے جی نے بیلگاوی میں مہاتما گاندھی جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کرکے پورے ملک کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہمیں گاندھی جی کی اقدار کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور ان پر عمل کرنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج کرناٹک کے بیلگاوی میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی، جس میں محترمہ واڈرا کے علاوہ کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور کئی دیگر اہم لیڈر ، پارٹی رہنما اور کارکنان موجود تھے۔ اسی بیلگاوی (اس وقت بیلگام) میں ہی مہاتما گاندھی 100 سال پہلے انڈین نیشنل کانگریس کے صدر بنائے گئے تھے۔
یو این آئی ۔ ع خ