NationalPosted at: May 20 2024 6:59PM مودی ہمارے منشور کے بارے میں جھوٹ پھیلا رہے ہیں: کانگریس

نئی دہلی، 20 مئی ( یو این آئی ) کانگریس نے کہا ہے کہ چار مرحلوں کے انتخابات میں اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی پریشان ہو گئے ہیں اور پارٹی کے انتخابی منشور کے بارے میں مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں کانگریس کے میڈیا انچارج پون کھیڑا نے پیر کو یہاں دہلی پردیش کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی کا دہلی کے لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ دہلی کے عام لوگ پچھلے 10 برسوں سے ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں ۔ اب مرکز میں حکومت بنانے کے بعد کانگریس یہاں کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو ختم کرے گی۔
مسٹر مودی پر جھوٹ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر کھیڑا نے کہا کہ اگر ملک کا راجہ جھوٹ بول رہا ہے تو وہ موجودہ پیڑھیوں کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی ہمارے منشور کے بارے میں مسلسل جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ اگر آپ اپوزیشن کی مذمت کرنا چاہتے ہیں تو کریں لیکن اپنا حساب بھی دیں۔ مودی اپنا رپورٹ کارڈ ملک کے سامنے ضرور پیش کریں، لیکن آپ کے پاس اس کا جواب نہیں ہے اور آپ نے ملک کے 10 سال برباد کر دیے ہیں۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ملک کی راجدھانی ہونے کی وجہ سے دہلی کے مسائل قومی سطح کے ہیں۔ اگر دہلی میں مزدوروں کی حالت قابل رحم ہے تو یہ پورے ملک کی عکاسی ہے۔ ہمارے لیڈر راہل گاندھی 'انصاف' کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔ یہ صرف ایک لفظ نہیں ہے بلکہ ہمارے آئین اور کانگریس پارٹی کا نظریہ ہے۔
مسٹر پون کھیڑا نے کہا 'راہل جی 'بھارت جوڑو یاترا' کرنے کے بعد دہلی پہنچے اور انہوں نے یہاں کے لوگوں سے بات کی اور ہمارا منشور اسی کا نتیجہ ہے۔ بدلے کے احساس کی وجہ سے مودی سرکار نے دہلی کے اچھے سے بنائے ہوئے نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں "
کانگریس کے ترجمان نے کہا "بی جے پی نے ووٹروں کے بارے میں ہمیشہ سوچے بغیر چھوٹی اور ہلکی سیاست کی ہے۔ اٹل جی کے زمانے میں بھی اپوزیشن جدوجہد کرتی تھی لیکن اس وقت سیاست کی کا ایک معیار ہوتا تھا۔ وہ معیار آج کی مودی حکومت میں نظر نہیں آتا۔
یو این آئی ۔ ع خ