NationalPosted at: Jul 2 2022 6:56PM راہل کا فرضی ویڈیو جاری کرنے پر بی جے پی معافی مانگے، ورنہ کارروائی ہوگی: کانگریس
نئی دہلی، 02 جولائی (یو این آئی) کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کا فرضی ویڈیو جاری کرنے پر معافی مانگے ورنہ اس ویڈیو کو مشترک کرنے والے اس کے لیڈروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جے رام رمیش نے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کو ایک خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی پارٹی کے ایم پی راجیہ وردھن راٹھوڑ، سبرت پاٹھک اور ایم ایل اے کملیش سینی سمیت دیگر رہنماوں نے بغیر تحقیقات کے مسٹر گاندھی کا فرضی ویڈیو جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے جان بوجھ کر اس ویڈیو کو سابق کانگریس صدر کی شبیہ کو خراب کرنے کے لئے جاری کیا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ بی جے پی کے کئی لیڈروں نے اس ویڈیو کو سازش کے طور پر آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے اسے کانگریس اور پارٹی کے سابق صدر کی شبیہ کو داغدار کرنے کی سازش قرار دیا اور مزیدکہا کہ بی جے پی لیڈروں نے جان بوجھ کر یہ کام کیا ہے اسلئے پارٹی کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے اور اگر بی جے پی آج شام تک معافی نہیں مانگتی ہے تو کانگریس اس پر قانونی کارروائی شروع کردے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیوز چینل نے بھی ویڈیو کی سچائی کی تصدیق کیے بغیر اسے چلایا ہے اور پارٹی نے ان کے خلاف کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
یواین آئی۔ م س