NationalPosted at: Feb 29 2020 4:06PM حکومت کو ’راج دھرم‘ نبھانے کے لئے بار بار یاد دلائیں گے: کانگریس
نئی دہلی ، 29 فروری (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ راج دھرم پرعمل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن مودی حکومت اس کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے ، لہذا ذمہ دار اپوزیشن کی حیثیت سے کانگریس بار بار ’راج دھرم‘ نبھانے کی بار بار یاد دلائے گی۔
کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے ہفتے کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ حکومت معاشرے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کرکے لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ خوف کا ماحول حکومت ، انتظامیہ اور پولیس کے ڈر سے پید اکیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راج دھرم کے لفظ سے مودی حکومت کو چڑھ ہے لیکن اسے یہ نہیں فراموش کرنا چاہئے کہ راج دھرم کی پیروی کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے نہ کہ اپوزیشن کی۔ حکومت کو یہ یاد دلانا حزب اختلاف کی ذمہ داری ہے کہ راج دھرم کی پیروی نہیں کی جارہی ہے اور کانگریس بار بار اپنی ذمہ داری نبھائے گی اور حکومت کو بتائے گی کہ راج دھرم کی پیروی نہیں کی جارہی ہے۔
مسٹر شرما نے کہا کہ حکومت بدنیتی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ان کے اہداف سیاسی مخالف ہیں۔ اس کے لئے وہ سرکاری اداروں کا مستقل غلط استعمال کررہی ہے۔ اسے راج دھرم کی پیروی کرنی چاہئے لیکن وہ گمراہ ہوچکی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ راج دھرم کی پیروی کرنا نہیں جانتی ہے۔
دہلی تشدد سے متعلق متعدد معاملات میں حکومت شفافیت کے ساتھ کام نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کو کچل دیا گیا ہے اور دفعہ 144 کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ بہت سے معاملات میں جان بوجھ کر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ورنہ فسادات کو روکا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف سخت دفعات استعمال کیے گئے ہیں۔ ایسی دفعات کچھ لوگوں کے خلاف عائد کی جارہی ہیں جن میں ضمانت نہیں ہے۔ حکومت عوام کے حقوق سے انکار کررہی ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔