NationalPosted at: Aug 4 2020 5:43PM ملک میں کورونا وائرس زیر علاج مریضوں کی تعداد 586298 : وزارت صحت
نئی دہلی، 4 اگست (یو این آئي) ملک میں اب تک کورونا وائرس سے نجات پانے والے مریضوں کی کل تعداد 1230510 ہوگئی ہے اور فی الحال کورونا وائرس کے 586298 مریض موجود ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 38938 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔
وزارت صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے منگل کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے نجات پانے والے افراد کی کل تعداد بڑھ کر 1230510 ہوگئی ہے اور اس کے فعال معاملے 586298 ہیں لیکن میڈیا مسلسل یہ تشہیر کررہا ہے کہ ہندوستان میں جیسے کورونا کے 18 لاکھ مریضوں کا بوجھ ہے، جسے مرکزی حکومت بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 25 مارچ 2020 کے بعد سب سے کم ہے، جون کے دوسرے ہفتے میں یہ شرح 3.36 فیصد، جولائی کے دوسرے ہفتے میں 2.69 فیصد تھی اور آج یہ شرح کم ہوکر 2.10 فیصد پر آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ- 19 کی وجہ سے 68 فیصد مردوں کی اور 32 فیصد خواتین کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 50 فیصد اموات 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی ہوئی ہيں اور 37 فیصد اموات 45 سے 60 سال کی عمر والوں میں دیکھنے کو ملی ہیں۔
یو این آئي۔ م ش۔ ع ا۔ 1720