NationalPosted at: May 22 2020 9:07PM کورونا مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں اضافہ
نئی دہلی، 22 مئی (یواین آئی) ملک میں کورونا مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب تک کورونا کے 48534 مریض مکمل طور پر ٹھیک ہو چکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3334 مریضوں کی صحتیابی کے بعد ریکوری کی شرح 41 فیصد ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہونا کافی مثبت ہے۔ ایک مثبت بات یہ بھی ہے کہ کورونا سے شرح اموات جو 19 مئی کو 31.3 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی ، اب وہ بھی گھٹ کر 30.02 فیصد ہو گئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 66330 ایسے مریض ہیں جو ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت مرکزی حکومت کی توجہ ریاستوں اور اضلاع میں پائے جا رہے کورونا مریضوں پرمرکوز ہے اور ان کے علاج کے انتظام پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ جن علاقوں میں کورونا کے معاملے مزید پائے جا رہے ہیں وہاں مناسب کنٹنمنٹ حکمت عملی اور دیگر اقدامات کو سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
ہندوستانی طبی تحقیق کونسل (ا ٓئی سی ایم آر ) سائنس داں رمن گنگاكھیڑكر نے بتایا کہ آج دن میں ایک بجے تک 27،55714 کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور گزشتہ چار روزسے مسلسل ایک لاکھ سے زائدکوروناجانچ کی جاچکی ہے جبکہ آج 103829 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ملک میں آئی سی ایم آر کے نیٹ ورک والی 401 لیبارٹریوں نے 85542 اور نجی شعبے کی 178 لیبارٹریوں میں 18287 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں ۔
اس وقت ملک میں کورونا سے نمٹنے کے لئے 3027 کووڈ ہسپتال ، کووڈ صحت مراکز اور 7013 کووڈ کیئر سنٹرز کی شناخت کی گئی ہے۔ ان کے علاوہ 2.81 لاکھ آئیسولیشن بستروں کے علاوہ 31250 سے زائد آئی سی یو بیڈ اور 109888 آکسیجن سے بھرپور بیڈپہلے ہی کووڈ اسپتالوں اور کووڈ صحت مراکز میں دستیاب ہیں۔
یواین آئی۔ م س