NationalPosted at: Dec 5 2024 7:33PM سپریم کورٹ نے دہلی میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے اقدامات میں مشروط نرمی کی اجازت دی
نئی دہلی،5دسمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کو قومی راجدھانی خطہ میں فضائی آلودگی کی شدید سطح سے نمٹنے کے اقدامات میں کچھ شرائط کے ساتھ نرمی کی اجازت دے دی۔
جسٹس ابھے ایس اوکا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بنچ نے کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) کی عرضی پر گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے فیز 4 سے 2 میں کمی کی اجازت دی۔
عدالت نے تاہم سی اے کیو ایم کو بتایا کہ اسے فیز 3 سے کچھ اضافی اقدامات کو لاگو کرنا پڑے گا۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ جب ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے 350 سے اوپر جانے کا امکان ہے تو احتیاطی اقدام کے طور پر جی آر اے پی فیز 3 کو فوری طور پر لاگو کرنا ہوگا۔ اگر اے کیو آئی کسی بھی دن 400 کو عبور کرتا ہے تو جی آر اے پی فیز 4 دوبارہ نافذ کیا جائے گا۔
گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ایئر کوالٹی مینجمنٹ کمیشن کی نرمی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
آلودگی کی وجہ سے قومی راجدھانی خطہ میں اسکولوں کو بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انہوں نے قانون میں نرمی کرنے پر غور کرنے کا حکم دیا۔
بنچ نے تب کمیشن سے کہا تھا کہ وہ اپنے سابقہ فیصلے پر نظرثانی کرے، کیونکہ بہت سے طلباء مڈ ڈے میل کی سہولت کے ساتھ ساتھ بہت سی ضروری سہولیات کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے کے قابل نہیں ہیں اور ان کے گھروں میں ایئر پیوریفائر نہیں ہیں۔
یواین آئی، م ش