NationalPosted at: Feb 20 2018 9:34PM فوج کو ڈیڑھ سو سے زائد بکتر بند گاڑیاں ملیں گی
نئی دہلی،20فروری (یو این آئی) افواج کو نہایت جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے میں مصروف حکومت نے انفنٹری کے لئے ڈیڑھ سو سے زائد بکتربند گاڑیوں کی خریدار ی سمیت 1850کروڑ روپے کے دفاعی سودوں کو منظوری دی ہے۔ بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے فوجیوں کو بغیر وقت ضائع کئے آپریشن کے لئے بھیجنے میں بڑی مدد ملے گی۔
وزیر دفاع نرملا سیتارمن کی صدارت میں آج یہاں ہوئی دفاعی خریداری کونسل (ڈی ایس سی) کی میٹنگ میں ان سودوں کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں بحریہ کے لئے سروے جہاز کی خریداری کو بھی ہرجھنڈی دکھائی گئی۔
دفاعی ذرائع کے مطابق فوج کے لئے مجموعی طورپر 156بکتر بند گاڑیاں بی ایم پی۔2خریدی جائیں گی جن پر تقریباََ 1125کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔ انفنٹری یونٹ کے ساتھ ساتھ یہ گاڑیاں انجینئرس اور توپ خانہ یونٹوں کو بھی دی جائیں گی۔ ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ اب فوجیوں کو ضرورت پڑنے پر کم وقت میں محاذ پر تعینات کیا جاسکے گا۔ یہ گاڑیاں آرڈی ننس فیکٹروں سے خریدی جائیں گی۔ اس سے دفاع کے شعبہ میں میک ان انڈیا کے حکومت کے منصوبہ کو تقویت ملے گی۔
بحرہندمیں بحریہ کی پانی کے سروے سے متعلق ضرورتوں کے پیش نظر اس کے لئے سروے جہاز کی خریداری کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس جہاز کا استعمال خاص طورپر تربیت کے لئے کیاجائے گا۔ بحریہ کو بندرگاہوں اور خصوصی اقتصادی شعبوں میں سروے کے لئے جہاز کی سخت ضرورت ہے۔ یہ جہاز ہندستانی شپ یارڈ کمپنیوں کے ذریعہ ہی بنایا جائے گا اور اس پر تقریباََ 626کروڑ روپے کی لاگت آنے کا امکان ہے۔
یو این آئی ۔ م ع۔ 1810