NationalPosted at: Jul 11 2018 6:47PM عازمین حج کی روانگی14جولائی2018سے
نئی دہلی11؍جولائی (یو این آئی) حج بیت اللہ2018کے لیے عازمین حج کی روانگی کے پہلے مرحلے میں ملک کے سب سے بڑے امبارکیشن پوائنٹ اندرا گاندھی انٹر نیشنل ٹرمنل2-سے دہلی اور دوسری چھ ریاستوں اتر پردیش، ہریانہ، ہماچل پردیش،چنڈی گڑھ،پنجاب اور جموں کشمیر کے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آئندہ14جولائی2018سے شروع ہو جائے گا۔یہ اطلاع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی۔
اس موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستوں کے عازمین حج کے عارضی قیام کے لیے دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان اور مسجد و درگاہ فیض الٰہی میں تمام تر ضروری سہولیات پر مشتمل کیمپ کا افتتاح12جولائی2018کو رات8بجے حمدو نعت اور اسلامی تاریخ و روایات اور موضوعات پر مشتمل نظمیہ مشاعرہ سے ہوگا جس میں دہلی اور بیرونی دہلی کے معروف شعراء اپنے روح پرور کلام اور تخلیقات پیش کریں گے۔
اس موقع پر دہلی کی مختلف علمی و ادبی سماجی ومذہبی اور ملی تنظیموں، اداروں کے نمائندگان کے علاوہ معروف شخصیات نیز ائمہ و مدارس و مساجد کے ذمہ داران حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔تقریب میں حکومت دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا،مہمان خصوصی ہوں گے، وزیر محصولات، حکومت دہلی کیلاش گہلوت مشاعرہ کی شمع افروزی کریں گے جبکہ مہمان اعزازی محبوب علی قیصر، ایم پی و چیئرمین حج کمیٹی آف انڈیا اور جناب عمران حسین وزیر خوراک و رسد، حکومت دہلی ہوں گے۔مشاعرہ کی صدارت دہلی کے بزرگ شاعروقار مانوی کریں گے،افتتاحی کلمات پروفیسر شہپر رسول، وائس چیئرمین دہلی اردو اکادمی پیش کریں گے۔نظامت کے فرائض کی انجام دہی معین شاداب کریں گے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے مذہبی اور اسلامی موضوعات کی نظموں پر مشتمل اس مشاعرہ کا انعقاد در اصل کمیٹی کی جانب سے حج منزل اور دہلی کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے حج تربیتی کیمپ کی اختتامی تقریب کے طور پر بھی کیا جارہا ہے جس کے بعد 14؍جولائی2018 سے حج پروزوں کی مبارک روانگی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
واضح ہوکہ اس سال دہلی سے تقریباً 20000عازمین کل48پروازوں سے حج بیت اللہ کے مقدس سفر کے لیے روانہ ہوں گے جس کا سلسلہ 14؍جولائی سے شروع ہوکر28؍جولائی تک جاری رہے گا۔
یو این آئی۔ ج ا۔م الف