NationalPosted at: Feb 27 2020 10:40PM شمال۔مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 34 ہوگئی ہے
نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) شمال۔مشرقی دہلی میں تشدد پسندانہ واقعات میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر جمعرات کر 34 ہوگئی۔
گرو تیغ بہادر اسپتال (جی ٹی بی)کے ذرائع کے مطابق یہاں اب تک 30 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ دو لوگوں کی موت لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال (ایل این جے پی) اور ایک کی موت جگ پرویش چند اسپتال میں ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں دہلی پولس کے ہیڈکانسٹبل رتن لال اور انٹلی جنس بیورو کے اہلکار امیت شرما بھی ہیں۔
جی ٹی بی افسران نے بدھ کو بتایا تھا کہ کم سے کم 9 لوگوں کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی ہے۔
ادھر تشدد سے متاثر اہم علاقوں چاند باغ، جعفرآباد اور شیووہار سمیت متعدد علاقوں میں اب صورت حال تیزی سے معمول پر آرہی ہے۔
دہلی پولس کے خصوصی کمشنر (قانون وانصرام )ایس این شری واستو نے بتایا کہ حالات جیسے جیسے معمول پر آتے جارہے ہیں ہم ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی بھی کررہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ جلد ہی اور بھی گرفتاریاں ہوں گی۔ پولس نے بدھ تک 18 ایف آئی آر درج کرکے 106 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔
یو این آئی۔ظ ا