OthersPosted at: Dec 5 2024 8:22PM دیویندر فڑنویس،تیسری مرتبہ بطور وزیراعلی تاج پوشی
ممبئی 5 دسمبر (یو این آئی )دیویندر فڑنویس نے آج شام ممبئی تاریخی آزاد میدان میں تیسری مرتبہ بطور وزیراعلی اپنے عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا ۔پہلی بار وہ ریاست مہاراشٹر کے 31 اکتوبر 2014ء سے 12 نومبر 2019ء تک وزیر اعلیٰ رہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی)اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے رکن ہیں۔ 44 سال کی عمر میں وہ شرد پوار کے بعد دوسرے نوعمر ترین وزیر اعلیٰ مہاراشٹربنے۔ انھوں نے 2022 کے مہاراشٹر کے سیاسی بحران کے بعد مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ ناگپور سے مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے رکن ہیں۔
دیویندر فڑنویس کی پیدائش 22 جولائی 1970ء کو ناگپور میں ہوئی۔ ان کے والد گنگادھر فرنویس ناگپور سے مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے رکن رہے ہیں۔ ان کی والدہ سرینا فرنویس جو امراوتی کے کلوتی خاندان کی نسل ہیں، وداربھا ہاؤسنگ کریڈٹ سوسائٹی کی سابق ڈائریکٹر تھیں۔
دیویندر نے ابتدائی تعلیم اندرا کاوینٹ (اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے نام پر) سے حاصل کی۔ ہنگامی صورت حال کے دوران میں دیویندر فرنویس کے والد گنگادھر جو جن سنگھ کے رکن تھے، کو حکومت مخالف مظاہروں میں حصہ لینے کے لیے قید کیا گیا تھا۔ دیویندر فرنویس نے بعد میں اندرا کاوینٹ میں پڑھنے سے انکار کر دیا، کیونکہ وہ ایسے اسکول میں نہیں پڑھنا چاہتے تھے جو اندرا گاندھی کے نام پر تھا، جس کی وجہ سے ان کے والد کو جیل ہوئی تھی۔ پھر وہ سرسوتی ودیالیہ اسکول گئے، جہاں سے انھوں نے زیادہ تر اسکول کی تعلیم حاصل کی۔میٹرک کرنے کے بعد، دیویندر نے دھرم پیٹھ جونیئر کالج سے انٹر کیا۔ بارہویں پاس کرنے کے بعد انھوں نے گورنمنٹ لا کالج، ناگپور میں داخلہ لیا، پانچ سال پڑھنے کے بعد قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انھوں نے سنہ 1992ء میں تعلیم مکمل کی تھی۔
دیویندر کے پاس بزنس منیجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری اور ڈی ایس ای (جرمن فاؤنڈیشن فار انٹرنشینل ڈیولپمنٹ)، برلن سے ڈپلوما اِن میٹھڈس اینڈ ٹیکنیکس آف پراجیکٹ منیجمنٹ کی ڈگری ہے۔ان کی شادی امرُتا فرنویس سے ہوئی۔ ان کی ایک بیٹی، دیویجا فرنویس ہے۔
پہلی بار وہ 2014 میں شیوسینا کی حمایت سے وزیراعلی بنے اور پھر 2019 میں شیوسینا سے اختلاف اور ایم وی اے کی تشکیل عمل میں آئی ،لیکن۔فڑنویس نے اجیت پوار کی حمایت سے دوسری مرتبہ حلف اٹھایا،لیکن اجیت کی وجہ سے انہیں 72 گھنٹے میں استعفیٰ دیناپڑا۔ڈھائی سال ادھو ٹھاکرے نے ایم وی اے کی قیادت کی مگر شیوسینا میں ایکناتھ شندے کی بغاوت نے تختہ پلٹ دی اور شندے وزیراعلی اور فڑنویس نائب وزیراعلی بنائے گئے۔اجیت پوار دوسرے نائب تھے۔بی جے پی کی قیادت میں مہایوتی نے 2024 میں شاندارکامیابی حاصل کی اور دو ہفتے کی تگ ودو کے بعد بی جے پی کے امیدوار دیویندر فڑنویس کو بطور وزیراعلی تسلیم کرلیا گیا۔اور آج انہوں نے تیسری مرتبہ حلف اٹھایا ہے۔
یواین آئی- اے اے اے