NationalPosted at: Jan 11 2025 10:23PM مقامی بنانے کا مطلب 'نٹ اور بولٹ' تک ہی محدود نہیں : دھنکڑ
نئی دہلی/بنگلورو، 11 جنوری (یو این آئی) نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے مستند اور عملی تحقیق پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی بنانے کا مطلب صرف 'نٹ اور بولٹ' تک ہی محدود رہنا نہیں ہے۔
بنگلورو، کرناٹک میں بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) کی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر دھنکڑ نے کہا کہ ایسی مستند اور عملی تحقیق ہونی چاہیے جو زمینی حقیقت کو بدلنے کے قابل ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب تحقیق کی بات آتی ہے تو تحقیق مستند ہونی چاہیے۔ تحقیق جدید ترین ہونی چاہیے۔ تحقیق عملی ہونی چاہیے۔ تحقیق کو زمینی حقیقت بدلنی چاہیے۔ حقیقت سے آگے تحقیق کا کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ آپ کی تحقیق اس تبدیلی سے مماثل ہونی چاہیے جو آپ لانا چاہتے ہیں۔"
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ صرف مستند تحقیق کو ہی تحقیق سمجھا جانا چاہیے۔ اس کے لیے سخت معیارات ہونے چاہئیں۔
مسٹر دھنکڑ نے کہا کہ ہم عالمی برادری میں معاشی سپر پاور کے طور پر تب ہی ابھر سکتے ہیں جب ہم تحقیق اور ترقی پر زور دیں گے۔ خود انحصار ہندوستان کا تصور اسی پر مبنی ہے۔ خود انحصاری تبھی آئے گی جب دنیا ہمیں تحقیق اور ترقی کے مرکز کے طور پر دیکھے گی۔
نائب صدر نے کہا ’’ہمارے پاس موجود دیسی سازوسامان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن دیکھئے ، کیا ہمارے پاس انجن ہیں؟ کیا ہمارے پاس اہم پرزے ہیں؟ کیا ہمارے پاس وہ ہے جو دوسرے ہم سے دیکھنا چاہتے ہیں؟ یا ہم اسے عام پہلوؤں تک محدود کر رہے ہیں؟ جب بات نٹ اور بولٹ کی ہو تو اس بات پر مطمئن ہونے کا کوئی فائدہ نہیں کہ ہمارے مقامی ہونے کا مطلب ہمارا ہدف 100 فیصد ہونا چاہیے۔
اسکولوں اور کالجوں میں اختراع کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر دھنکڑ نے کہا کہ ملک ہنر سے مالا مال ہے۔ ہمارے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں وسیع مواقع سے واقف نہیں ہیں۔ وہ سرکاری ملازمتوں کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں۔
یو این آئی ۔ ع خ