NationalPosted at: Jan 4 2018 6:43PM جادھو کا نیا پاکستانی ویڈیوہرگز قابل اعتبار نہیں:انڈیا
نئی دہلی، 4 جنوری (یو این آئی) ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے کلبھوشن یادو کے تازہ پروپیگنڈہ ویڈیو کو دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔ کیونکہ اس کے اندر کوئی معتبریت نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمارنے ٹوئٹ کیا ہے کہ پاکستان بدستور ویڈیو پر جبری بیانات دکھانے کی اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔حالانکہ وقت آگیا ہے کہ وہ اس بات کا ادراک کرلے کہ ایسے پروپیگنڈوں کا کوئی اعتبار نہیں کرتا۔ مسٹر کمار مسٹر جادھوکے پاکستان کی طرف سے جاری کردہ تازہ ویڈیو کے جواب میں اظہار خیال کررہے تھے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے سخت بیان میں کہا کہ پاکستان نے جو کچھ دکھایا ہے وہ اس قابل بھی نہیں ہے کہ اس پر رائے زنی کی جائے۔پاکستان کو بہتر مشورہ یہی دیا جاسکتا ہےکہ وہ اپنی ان ذمہ داریوں کو پورا کرے جو بین الاقوامی طور پر عائد کی گئی ہیں۔خواہ اس کا تعلق قونصلر تعلقات سے ہو یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دہشت گردی سے متعلق قراردادوں سے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے متعلق قراردادنمبر 1267 اور 1373کے مطابق پاکستان کو عمل کرنا چاہئےتاکہ وہ ایک ہندوستانی شہری کے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی سے باز آسکے۔
مسٹر جادھو ایک سابق ہندوستانی بحری افسر ہیں۔ ایران میں وہ کاروباری تعلق سے موجود تھے۔ جب ان کا اغواکرلیا گیا اور پھر پاکستان لے جاکر گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستانی حکام نے ان پر جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات لگائے اور پھر ایک فوجی عدالت نے انہیں سزائے موت سنادی۔
ہندوستان نے بار بار درخواست کی کہ ان تک قونصلر کی رسائی ہونے دی جائے لیکن پاکستان ان درخواستوں کو مسترد کرتا رہا۔ بعد میں مسٹر جادھو کی بیوی اور والدہ کو پاکستانی دفتر خارجہ میں شیشے کی دیوار کے پیچھے سے ملنے کی اجازت دے دی۔ 25 دسمبر کو پینتالیس منٹ کی اس ملاقات کے تعلق سے ہندوستان کا کہنا ہے کہ ماحول دباؤ اور خوف سے بھرا ہوا تھا۔
تازہ پروپیگنڈہ ویڈیو میں مسٹر جادھو کو مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ایک ہندوستانی سفارت کار ان کی والدہ پر چیخ رکھا تھا۔ یو این آئی۔ سلام۔ ظ ا۔