Sports » Interview Posted at: May 19 2016 6:52PM آفریدی کا کوچ یا کمنٹیٹر بننے کےامکان سے انکار
لاہور ، 19 مئی (یو این آئی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے مستقبل میں کوچ یا کمنٹیٹر بننے کا امکان یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے بجائے فلاحی کاموں کو جاری رکھنا چاہیں گے کیونکہ عالمی ریکارڈ بنا کر بھی کسی کی مدد کرنے جیسی حقیقی خوشی نہیں ملتی ہے۔
ْمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ آنے والے ڈیڑھ سے دوسال کے عرصے میں کاؤنٹی اور لیگ کرکٹ تو کھیلتے رہیں گے البتہ پاکستان کرکٹ سے متعلق جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ دباؤ عوامی توقعات کا ہوتا ہے جس سے وہ نبرد آزما ہوتے آئے ہیں لیکن انہیں دوسروں کی مدد کر کے حقیقی خوشی حاصل ہوتی ہے جو انہیں کبھی عالمی ریکارڈ بنانے پر بھی حاصل نہیں ہوئی۔