NationalPosted at: Mar 18 2023 5:52PM ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی جانب سے 150 بچوں میں اسکالر شپ تقسیم
طلبا اپنے ہدف کو مقدم رکھیں ، تعلیم کو حرز جاں بنائیں : سراج حسین آئی اے ایس ریٹا ئرڈ
نئی دہلی ،18اپریل (یواین آئی) طلبا قطعی کنفیوزن کا شکار نہ ہوں ہمارا تعلیمی نظام تمام کمزوریوں کے باوجود بہت بہتر ہے ۔ اپنے اندر بیداری بڑھائیں ، انٹرنیٹ پر موجود معلومات تک رسائی کے باوجود روزانہ کم ازکم ایک اخبار مکمل پڑھنے کا اہتمام کریں، کتابیں علم کا خزانہ ہیں کتا بوں سے تعلق پیدا کریں ۔ آپ نے جو بھی کورس لیا ہے اس میں بہترین کار کردگی ہونی چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے چیئر مین ریٹائرڈ آئی اے ایس سراج حسین نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں منعقد اسکالرشپ تقسیم پروگرام میں کیا۔ اس موقع پر ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی جانب سے 150 بچوں کو اسکالر شپ تقسیم کی گئی ۔
ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی ایک ریلیز کے مطابق صدیق حسن میموریل اسکالر شپ 27 بچوں کو دی گئی،اس کے تحت ہر بچے کو سالانہ 30 ہزار روپئے دیئے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ فاونڈیشن کی ریگولر اسکالرشپ یو جی اور پی جی کے بچوں کو دی جاتی ہے اس کے تحت دس ہزار اور پندرہ ہزار سالانہ اسکالر شپ دی جاتی ہے ۔ اس موقع پر 50 یتیم بچوں کو ان کی اسکولی تعلیم جاری رکھنے کے لیے اسکالر شپ دی گئی ۔
پروگرام کا افتتاح فاونڈیشن کے سی ای او پی کے نوفل کے استقبالیہ خطبہ سے ہوا جس میں انہوں نے وژن 2026 کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا. جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر افشا رعالم نے اپنی گفتگو میں مستقبل کےکورسیز کے بارے میں بتایا، اور اپنی یونیورسٹی کے متعدد کورسیزکا تعارف کرایا ۔
وژن 2026 کے چیئر مین ٹی عارف علی نے کہا آپ کی مدد پوری سوسائٹی کر رہی ہے، اپنے اندر سوشل کمٹمنٹ پیدا کریں ۔ یہ اسکالر شپ سوسائٹی کی جانب سے آپ کو ایک پیار ہے، سوسائٹی آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ اچھا پڑھیں گے۔ آپ کو بھی سماجی ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔
ہمالیہ ڈرگ کے صدر ڈاکٹر سید فاروق نے فاونڈیشن کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا ایسی این جی اوز کا قیام معاشرے کے لئے بہت کار آمد ہے۔ بچو! یہ وقت آرام کا نہیں کام کرنے کے لیے ملا ہے موجودہ دور کے وسائل سے فائدہ خوب اٹھائیں ۔
سینئر جرنلسٹ شاہد صدیقی نے کہا ہم سرسید سے مشکل دور میں نہیں ہیں ، آگے بڑھنے کا ایک ہی راستہ تعلیم ہےاور معیاری تعلیم وقت کی ضرورت ہے، اپنے خواب کو پورا کرنے کا پلان کریں ۔.
خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم ٹوئیٹ کی صدر رحمت النسا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اخلاقیات ہمارا سرمایہ ہے، خواب دیکھیں، اور ان کو سخت محنت سے حاصل کریں، بے خوف ہو کر آگے بڑھیں، ناکامیوں کا سامنا کرنا سیکھیں۔
اس موقع پر معروف آرتھو سرجن ڈاکٹر ایم فاروق بھی موجود تھے ، بڑی تعداد میں بچوں کے سرپرستوں نے بھی شرکت کی ۔ پروگرام شروع ہونے سے قبل مشہور آئی اے ایس کوچ سمیر صدیقی نے بچوں کا کریئر کونسلنگ سیشن لیا ۔
یواین آئی۔ایف اے