NationalPosted at: May 20 2024 7:25PM حکومت ہند نے ایران کے صدر کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت پر ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا
نئی دہلی ،20مئی (یواین آئی)حکومت ہند نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کی ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہوئی موت پر ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیاہے مرکزی وزارت داخلہ نے پیر کےروز جاری ایک ریلیز میں کہاہے کہ حکومت ہندنے انکے احترام میں 21مئی بروز منگل کو ملک بھر میں ایک دن کے سرکاری سوگ کا فیصلہ کیاہے حکومت کے مطابق کل ملک بھر کی تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور سرکاری طورپر کوئی تفریحی پروگرام منعقد نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ کل اتوار کےروز ایرانی صدر رئیسی ایران کے مشرقی صوبہ آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد ہیلی کاپٹر سے تبریز جارہے تھے کہ موسم خراب ہونے کی وجہ سے ان کو لے جارہے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس میں ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سمیت 9افراد کی موت ہوگئی تھی ۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایران میں آذربائیجان کی سرحد کے قریب ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ملک کے صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر آج گہرے رنج و غم اور ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدر رئیسی کے انتقال کی تصدیق ہونے کے بعد، مسٹر مودی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا ’’اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے افسوسناک انتقال پر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا۔ ہندوستان ایران دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ میری دلی تعزیت۔ ہندوستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘
یواین آئی۔ایف اے