NationalPosted at: Dec 7 2023 7:16PM ہندستان نے امریکہ کے الزامات پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی: جے شنکر
نئی دہلی، 07 دسمبر (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں بتایا کہ ہندوستان نے امریکہ کے اس الزام کی تحقیقات کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل کی ہے جس میں امریکہ نے اس کے یہاں ایک سکھ علیحدگی پسند لیڈر کے قتل کی سازش میں ایک ہندستانی کا ہاتھ بتایا ہے۔
مسٹر جے شنکر نے ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے اس معاملے میں ہندوستان کے ساتھ منظم جرائم اور کچھ دیگر سرگرمیوں کے بارے میں معلومات شیئر کی ہیں جو ہندوستان کی قومی سلامتی منسلک ہیں اور ہندوستان کے لئے تشویش کا موضوع ہے۔ اس لیے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
کینیڈا کی جانب سے اسی قسم کے الزامات لگائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا نے اب تک اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں اس لیے اس معاملے میں مزید کارروائی نہیں کی جا سکتی۔
ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ خود اور کچھ دیگر مرکزی وزراء بیرونی ممالک میں 'اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی' کے پروگرام میں شریک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وزراء بیرونی ممالک جاتے ہیں تو وہاں رہنے والے ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے ملتے ہیں۔ وہ لوگ ہندوستان کا وقار بڑھا رہے ہیں، اسی لیے وزیر ان سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیکن سچ یہ بھی ہے کہ وزرا پہلے اپنا کام کرتے ہیں اور اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے بعد ہندوستانی کمیونٹی کے لوگوں سے ملتے ہیں۔
یو این آئی۔ م ع۔ 1817