InternationalPosted at: May 20 2024 7:41PM ایرانی صدرابراہیم رئیسی ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق
تہران، 20 مئی (یو این آئی) صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے آج صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے ایرانی میڈیا ’مہر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔
سینئر ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیاکو بتایا کہ ’صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔‘تاہم اس حوالے سے ایرانی وازارت خارجہ یا حکومت کی جانب سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں ایران کے ہلال احمر کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاپتہ ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورت حال ’اچھی نہیں ہے۔‘
ایک اور ایرانی عہدیدار نے بتایا تھا کہ ’صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر حادثے میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، بدقسمتی سے، تمام مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔‘
ایرانی ہلال احمر کے سربراہ پیرحسین کولیوند نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہم ملبے کو دیکھ سکتے ہیں اور صورتحال اچھی نہیں لگتی۔
ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے ’حادثے‘ کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو کا کام جاری ہے۔
پاسداران انقلاب سمیت مختلف ممالک کی ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں، ترکیہ اور روس کے ریسکیو ماہرین بھی آپریشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ کے ڈرون نے ہیلی کاپٹر کا مقام ڈھونڈا جبکہ شدید دھند اور انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یو این آئی۔ ع ا۔