InternationalPosted at: Jun 18 2024 9:26AM اٹلی کے ساحل پر کشتی حادثے میں 11 افراد ہلاک، 60 لاپتہ

روم، 18 جون (یو این آئی) اٹلی کے ساحل پر پیر کو دو کشتیوں کے حادثوں میں کم از کم 11 تارکین وطن کی موت اور 66 دیگر لاپتہ ہو گئے۔
یہ اطلاع اطالوی حکام نے دی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی دو کشتیوں کے الٹ جانے کے چند گھنٹے بعد اٹلی کے ساحلی محافظوں نے پیر کو دیر رات بحیرہ روم میں امدادی کارروائیاں شروع کیں ۔ جنوبی اٹلی میں کلابریا کے ساحل سے تقریباً 120 میل (193 کلومیٹر) دور مشکل میں پڑی ایک لکڑی کی کشتی کا پتہ چلنے کے بعد علاقے میں ایک تجارتی بحری جہاز نے ایس او ایس کال کیا جس کے بعد ابتدائی امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ تجارتی جہاز نے 12 افراد کو بچایا اور انہیں اطالوی کوسٹ گارڈ کے جہاز کے پہنچنے تک مدد فراہم کی۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق سنگین طبی حالات کی وجہ سے جہاز سے اترنے کے فوراً بعد ایک خاتون کی موت ہو گئی۔
کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ کشتی کے حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والوں کی تلاش جاری ہے۔ کوسٹ گارڈ نے کہا کہ دو اطالوی گشتی کشتیاں اور ایک اے ٹی آر 42 طیارہ اس وقت تلاشی کارروائی میں شامل ہیں، اور یہ کہ ایک اور گشتی جہاز جلد ہی طبی ٹیموں کے ساتھ علاقے میں ان کے ساتھ شامل ہو جائے گا۔ پیر کی شام تک کوئی زندہ بچ جانے والا شخص نہیں ملا۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 66 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے جن میں 26 نابالغ بھی شامل ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں کے مطابق یہ کشتی گزشتہ ہفتے عراق، شام، ایران اور افغانستان کے تارکین وطن اور مہاجرین کو لے کر ترکی سے روانہ ہوئی تھی۔
یو این آئی۔ م ع۔ 0855