InternationalPosted at: Sep 14 2024 6:14PM جے شنکر نے جنیوا میں اپنے سوئس ہم منصب سے بات چیت کی، ایف ٹی اے پر تبادلہ خیال
جنیوا/نئی دہلی، 14 ستمبر (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 12 سے 13 ستمبر تک جنیوا، سوئٹزرلینڈ کے دورے دوران اپنے سوئس ہم منصب اگنازیو ڈینیئل جیوانی کیسس کے ساتھ بات چیت کی، جس میں دونوں لیڈروں نے ہندوستان اور ای ایف ٹی اے ریاستوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ہندوستان اور ای ایف ٹی اے ریاستوں (سوئٹزرلینڈ، ناروے، آئس لینڈ اور لیخٹنسٹائن) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے پر خصوصی توجہ کے ساتھ وسیع دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ نے جنیوا میں بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک اور عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس سے بات چیت کی۔ انہوں نے کثیرجہتی کے تئیں ہندوستان کے نقطہ نظر، انسانی حقوق پر ہندوستان کے موقف، انسانی حقوق کی موجودہ عالمی صورتحال اور انسانی حقوق کے ماحولیاتی نظام کو درپیش مختلف مشکلات سے نمٹنے کے اقدامات شیئر کیے۔ انہوں نے صحت عامہ میں تعاون کو مضبوط کرنے اور عالمی سطح پر روایتی طبی نظام کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے جنیوا میں ہندوستان کے نئے مستقل مشن کا افتتاح کیا، جہاں اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں، تخفیف اسلحہ کی کانفرنس، عالمی تجارتی تنظیم اور ہندوستان کی قنصلیٹ جنرل سے متعلق مشن موجود ہیں۔ وزیر خارجہ نے مستقل مشن میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کی رونمائی بھی کی اور ایک ہال کا نام محترمہ ہنسا مہتا کی یاد میں رکھا، جنہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی مسودہ سازی کے دوران صنفی مساوات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس کے بعد، وزیر خارجہ نے مستقل مشن میں ہندوستانی برادری اور ہندوستان کے دوستوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے ہندوستان کی تیز رفتار ترقی اور دنیا کے ساتھ منسلک ہونے کے ہندوستان کے وژن پر روشنی ڈالی۔
یو این آئی۔ م ش۔