NationalPosted at: Aug 25 2019 6:28PM سرکاری اعزاز کے ساتھ جیٹلی کی آخری رسومات ادا کی گئیں
نئی دہلی،25اگست(یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیرخزانہ ارون جیٹلی کی آخری رسومات آج یہاں جمنا کےکنارے نگم بودھ گھاٹ پر03:15 بجے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔
مسٹر جیٹلی کو ان کے بیٹے روہن کے آگ دیتے ہی دہلی پولیس کی ایک مسلح ٹکڑی نے سلامی دی۔اسی وقت بارش ہونے لگی۔ ان کی بیوی سنگیتا اور بیٹی سونالی،اہل خانہ اور دیگر کی آنکھوں میں آنسو تھے۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ ایم ونکیانائیڈو، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما غلام نبی آزاد، بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا،بی جے پی کے سینیئر رہنما لال کرشن اڈوانی،مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان ، بی جے پی کے نائب صدر شیوراج سنگھ چوہان، چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ، بی جےپی کے جنرل سکریٹری بھوپیندر یادو، رام مادھو، انل جین، پارٹی کے قومی میڈیاکے سربراہ انل بلونی ، سادھوی نرنجن جیوتی، پرہلاد سنگھ پٹیل سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔وزیر اعظم مودی بیرون ممالک کے دورے پرہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوپائے۔
آخری رسومات سے قبل ہی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، ہریانہ کے وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر سمیت دیگر رہنما بھی نگم بودھ گھاٹ پہنچے۔ یوگ گرو بابارام دیو اور بھوٹان کے نمائندے بھی آخری رسومات ادا کرنے کے دوران موجود تھے۔
آخری رسومات سے قبل مسٹر جیٹلی کی لاش کو بی جے پی کے ہیڈکوارٹر سے نگم بودھ گھاٹ لایا گیا۔ خیال رہے کہ ہفتے کے روز ایمس میں مسٹر جیٹلی کی موت ہوگئی تھی۔
یو این آئی، ایم اے ۔