OthersPosted at: May 28 2020 7:49PM جھارکھنڈ میں نکسلیوں اورسیکوریٹی جوانوں کے مابین تصادم ، تین نکسلی مارے گئے
چائباسا 28 مئی ( یواین آئی ) جھارکھنڈ میں مغربی سنگھ بھوم ضلع کے ٹیبو تھانہ علاقہ میں جمعرات کو سیکوریٹی فورسز اور ممنوعہ نکسلی تنظیم پیپلس لبریشن فرنٹ آف انڈیا( پی ایل ایف آئی ) کے نکسلیوں کے مابین تصاد م میں تین نکسلی مارے گئے اور ایک دیگر زخمی ہوگیا ۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ پی ایل ایف آئی کمانڈر چندپا کے منمارو بیڑا اور کینتائی کے جنگل میں چھپے ہونے کی اطلاع پر جمعرات کی صبح مرکزی ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف ) اور ضلع پولیس نے نزدیکی جنگل میں تلاشی مہم چلائی ۔ اس دوران نکسلیوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی ۔ اس کے بعد سیکوریٹی جوانوں نے بھی جوابی کاروائی کی ۔ قریب ایک گھنٹے تک چلے تصادم میں تین نکسلی مارے گئے جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا ۔ سیکوریٹی فورسز کی جانب سے دیئے گئے منہ توڑ جواب کے بعد نکسلی گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاکر بھاگ گئے ۔
ذرائع نے بتایاکہ تصادم کے بعد چلائی گئی تلاشی مہم میں تین نکسلیوں کی لاش برآمد کی گئی ہے ۔ وہیں تصادم میں زخمی ایک دیگر نکسلی کو علاج کیلئے چکر دھر پور سب ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال مرنے والے نکسلیوں کی شناخت نہیں ہو پائی ہے ۔
یواین آئی۔۔ قمر