RegionalPosted at: Jun 18 2019 11:23AM بجبہاڑہ میں تصادم، 2 جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک
سری نگر، 18 جون (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے واگہامہ بجبہاڑہ میں منگل کی صبح ہونے والے ایک تصادم میں 'جیش محمد' سے وابستہ دو جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے واگہامہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 3 راشٹریہ رائفلز، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو منگل کی علی الصبح محاصرے میں لیکر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوئوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ جوابی کارروائی میں فورسز نے دو جنگجوئوں کو ہلاک کیا۔
دفاعی ذرائع نے ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دیگر دو زخمی اہلکاروں کو 92 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات پیر کی صبح سے معطل ہیں۔ واضح رہے کہ اسی ضلع کے بڈورہ اچھہ بل میں پیر کی جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان تصادم شروع ہوا تھا جو ایک جنگجو اور ایک فوجی افسر کی ہلاکت پر ختم ہوگیا تھا۔ تصادم کے دوران فوج کے دیگر دو اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔
یو این آئی۔ ظ ح بٹ۔ شا پ۔