RegionalPosted at: Jul 22 2019 3:13PM پولیس سربراہ یاتریوں کی آمد کے بارے میں بیان دے کر لوگوں میں ڈر پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں: فاروق عبداللہ
جموں، 22 جولائی (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ریاستی پولیس سربراہ دلباغ سنگھ 'یاتریوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے' جیسا بیان دے کرلوگوں میں ڈر پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فاروق نے پیر کے روز ادھم پور میں نامہ نگاروں کو بتایا: 'ڈی جی صاحب جب یہ بیان دیتے ہیں کہ یاتری آئیں یہاں کوئی خطرہ نہیں ہے انہیں یہ بیان نہیں دینا چاہئے وہ جب یہ بیان دیتے ہیں تو ایسا لگتا ہے جیسے وہ لوگوں میں ڈر پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں'۔
موصوف رکن پارلیمان نے کہا کہ یاتریوں کو یہاں کوئی خطرہ تھا نہ اب ہے اور نہ آگے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یاترا بہت اچھی طرح چل رہی ہے اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ آرہے ہیں جو ہمارے لئے اچھی بات ہے۔
گورنر ستیہ پال ملک کے بیان کہ جنگجوئوں کو چاہئے کہ وہ اپنے لوگوں کے بجائے کرپٹ لوگوں کو ماریں کے حوالے سے ڈاکٹر فاروق نے کہا: 'گورنر صاحب جو بیان دیتے ہیں میں اس کے بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں ان کے پاس کافی انفارمیشن ہوگی اسی لئے انہوں نے یہ بیان دیا ہوگا'۔
بتادیں کہ جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے اتوار کے روز کرگل میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران 'کرپشن' کو ریاست کی سب سے بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے کشمیری جنگجوئوں سے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کو مارنے کے بجائے ان لوگوں کو ماریں جنہوں نے پورے کشمیر کی دولت لوٹی ہے۔
یو این آئی ایم افضل