RegionalPosted at: May 19 2017 5:32PM جی ایس ٹی کو نافذ نہ کرنے والی ریاستوں کے عوام کو ڈبل ٹیکس دینا پڑے گا: جیٹلی
سری نگر ، 19مئی (یو ا ین آئی) مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) قانون کو نافذ نہ کرنے والی ریاستوں کے عوام کا نقصان ہوگا اور انہیں دوگنا ٹیکس دینا پڑے گا۔ مسٹر جیٹلی نے جمعہ کو یہاں جی ایس ٹی کونسل کے 14 ویں اجلاس کے اختتام پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے تمام ریاستوں کے صارفین کو یکساں فائدہ پہنچے گا۔ کشمیر میں جی ایس ٹی کے خلاف کچھ تجارتی انجمنوں کے احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر خزانہ نے کہا ’اگر جموں وکشمیر میں جی ایس ٹی قانون نافذ نہیں کیا جاتا ہے تو لوگوں کا نقصان ہوگا۔ انہیں دوگنا ٹیکس دینا پڑے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی کی رُو سے ٹیکس منبع پر ہی وصولا جائے گا۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ اگر کوئی ریاست جی ایس ٹی کو نافذ نہیں کرے گی تو اُس ریاست کے لوگوں کو مقامی سطح پر لگنے والا ٹیکس بھی ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ’یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جی ایس ٹی کو لیکر یہاں کے تاجر احتجاج کیوں کررہے ہیں‘۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جی ایس ٹی کے تحت صرف ایک مرتبہ ٹیکس لگے گا۔ مقامی تاجروں کے تشویش کے ازالے پر مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ریاستی حکومتی جی ایس ٹی کو نافذ کرتے وقت تاجروں کے مطالبات کو ملحوظ خاطر رکھے گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پورے ملک میں یکساں ٹیکس سے متعلق جی ایس ٹی قانون یکم جولائی سے نافذ ہوگا۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد پورے ملک میں مختلف اشیاء اور خدمات پر صرف ایک مرتبہ ٹیکس لگے گا۔ یو این آئی ۔ظ ح بٹ ۔ایف اے۔م الف