RegionalPosted at: Sep 15 2024 7:58PM ہائی الرٹ کے بیچ پونچھ اور کٹھوعہ میں دو مقامات پر انکاونٹر جاری
جموں15 ستمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر کے پونچھ اور کٹھوعہ میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلاتی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں پھنسے ہوئے ملی ٹینٹوں کو مار گرانے کی خاطر اضافی دستوں کو روانہ کیا گیا ہے اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح پونچھ کے گرسی ٹاپ پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین دوبدو گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب پونچھ کے گرسی ٹاپ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کے دوران جنگل میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران گولیوں کا تبادلہ کئی منٹوں تک جاری رہا۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گرسی ٹاپ اوراس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے میں لشکر کمانڈر اور اس کے دو ساتھی پھنس کر رہ گئے ہیں۔
دریں اثنا اتوار کی سہ پہر کٹھوعہ کے بانی علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے بانی علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کٹھوعہ کے بانی اور اس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
دفاعی ذرائع کے مطابق جموں خطے کے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ کے بیچ دو مقامات پر اس وقت انکاونٹر جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ پونچھ کے گورسی ٹاپ اور کٹھوعہ کے بانی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن کادائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا ہے۔
ان کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ جنگلی علاقے میں لشکر کمانڈر اور اس کے کئی ساتھی پھنس کر رہ گئے ہیں جس کے پیش نظر ڈرون کیمروں کے ذریعے جنگلی علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنایا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایل او سی پر دراندازی کے کئی واقعات کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنادیا ہے۔
دراندازی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ کے پیش نظر ایل او سی کے نزدیکی علاقوں میں بھی فورسز کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے تاکہ دہشت گردوں کے ارادوں کا ناکام بنایا جاسکے۔
یو این آئی- ارشید بٹ