RegionalPosted at: Dec 8 2021 10:09PM شوپیاں انکاونٹر: تین جنگجو ہلاک، آپریشن جاری
سری نگر، 8 دسمبر (یو این آئی) جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے چیک چھولند علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین تصادم میں تین جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔پولیس کے ایک ترجمان تازہ اپ ڈیٹ فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں تصادم میں مزید دو جنگجو ہلاک ہوئے اور ابتک مارے گئے ملی ٹینٹوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ’تصادم کی جگہ تینوں ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کرکے اُن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے‘۔
مقامی ذرائع کے مطابق شوپیاں میں سرگرم کئی مقامی جنگجوﺅں کے اہل خانہ کو مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت کیلئے پولیس نے طلب کیا ہے۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ پہاڑی ضلع شوپیاں کے چیک چھولند علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد حفاظتی عملے نے بدھوار اعلیٰ الصبح جونہی گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود جنگجوﺅں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کا رروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
علاوہ ازیں پولیس نے چیک چھولند اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
یواین آئی- ارشد بٹ، ایم افضل