RegionalPosted at: Jul 16 2024 2:29PM ڈوڈہ انکائونٹر: جوانوں کی موت کا بدلہ لیا جائے گا: منوج سنہا
سری نگر، 16 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع ڈوڈہ میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوانوں کی موت کا بدلہ لیا جائے گا اور ملی ٹنٹوں اور ان کے ساتھیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا انہوں نے جاں بحق ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا بتادیں کہ ضلع ڈوڈہ کے دیسا جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین خونین تصادم میں فوجی میجر(کیپٹن) ، ایس او جی جوان سمیت پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کے روز اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے 'ایکس' پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: 'ضلع ڈوڈہ میں ہمارے فوجی جوانوں اور جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں پر ہوئے بزدلانہ حملے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا'۔
انہوں نے کہا: 'میں ملک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عظیم قربانیاں پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان کے غمزدہ اہلخانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں'۔
منوج سنہا نے کہا: 'ہم اپنے جوانوں کی موت کا بدلہ لیں گے اور دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے'۔
انہوں نے کہا: 'میں لوگوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد رہنے کی اپیل کرتا ہوں'۔
ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا: 'میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیں درست معلومات فراہم کریں تاکہ ہم انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو تیز کرسکیں اور دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو بے اثر کرسکیں'۔
یو این آئی ایم افضل