RegionalPosted at: Dec 7 2023 6:44PM سیٹیں منتخب کرنے کا اختیار منتخب حکومت کو دیا جانا چاہئے:عمر عبداللہ
سری نگر، 7 دسمبر (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے بجائے سیٹیں منتخب کرنے کا اختیار منتخب حکومت دیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کو تین سیٹوں کے انتخاب کا اختیار دینے سے یہ شک ہوتا ہے کہ ایسا بی جے پی کو مدد کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: 'جہاں تک پارلیمنٹ میں متعارف کی گئی حالیہ بل کی بات ہے ہمیں دو چیزوں پر اعتراض ہے ایک یہ کہ عدالت عظمیٰ نے ابھی ری آرگنائزیشن میں اپنا فیصلہ نہیں سنایا ہے اور یہ لوگ تبدیلیاں کر رہے ہیں"۔ان کا کہنا تھا: 'سیٹیں منتخب کرنے کا اختیار لیفٹیننٹ گورنر کو دیا گیا ہے جو منتخب حکومت کو دیا جانا چاہئے'۔انہوں نے کہا: 'لیفٹیننٹ گورنر کو اختیار دیا گیا جس سے یہ شک پیدا ہوتا ہے کہ ایسا بی جے پی کو مدد کرنے کے لئے کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ الیکشن میں جیت نہیں سکتے ہیں اس لئے ان کی سیٹوں کو بڑھایا جا رہا ہے'۔
علاقائی جماعتوں کے الگ الگ جلسے کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: 'ہم الگ الگ جلسے کرتے ہیں ہمارے الگ الگ خیالات ہیں لیکن جہاں بڑا مقصد ہوتا ہے جیسا 5 اگست کا مسئلہ ہے تو وہاں ہم مل بیٹھ کر بات کرتے ہیں'۔ترال میں جلسہ منعقد کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: 'ترال میں آج جلسہ کرنے کا مقصد لوگوں کو ملنا اور تنظیم کو مزید مستحکم کرنا تھا'۔
پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے پارلیمانی انتخابات میں بحیثیت امید وار کھڑا ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: 'ڈاکٹر فاروق صاحب ہمارے صدر ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے اس کو تسلیم کیا جائے گا'۔انہوں نے کہا: 'اگر وہ خود ہی الیکشن لڑنا چاہیں گے تو بہتر اور اگر صحت کی وجہ سے نہیں لڑیں گے تو پارٹی کے ساتھ مشاورت کرکے ایک بہترین امید وار کو کھڑا کیا جائے گا'۔
یو این آئی ایم افضل