RegionalPosted at: Oct 11 2018 6:26PM ہندواڑہ میں مسلح تصادم، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق ریسرچ اسکالر سمیت 2 جنگجو ہلاک
ہندواڑہ ، 11 اکتوبر (یو ا ین آئی) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر سے جنگجو بننے والے 26 سالہ منان بشیر وانی سمیت حزب المجاہدین کے دو جنگجوؤں کو جمعرات کو یہاں کلام آباد شاٹ گنڈ نامی علاقہ میں قریب دس گھنٹوں تک جاری رہنے والے مسلح تصادم کے دوران ہلاک کیا گیا۔
کپواڑہ کے لولاب علاقہ کے رہنے والے منان وانی نے رواں برس 5 جنوری کو حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ منان وانی نے اُس وقت جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی، جب وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ایپلائیڈ جیولوجی سے پی ایچ ڈی کررہا تھا۔ اگرچہ منان وانی نے گزشتہ 9 مہینوں کے دوران کسی بھی آپریشن میں حصہ نہیں لیا، تاہم انہوں نے اس دوران کئی تحریریں لکھیں جن کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پڑھا اور شیئر کیا گیا۔
منان وانی کے ساتھ مارے گئے دوسرے جنگجو کی شناخت تلواری لنگیٹ کے رہنے والے عاشق حسین زرگر ولد غلام محی الدین زرگر کے طور پر کی گئی ہے۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’ہندواڑہ مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا جن کی شناخت منان بشیر وانی ولد بشیر احمد وانی ساکنہ تکی پورہ سوگام کپواڑہ اور عاشق حسین زرگر ولد غلام محی الدین زرکر ساکنہ تلواری لنگیٹ کپواڑہ کے بطور کی گئی ہے۔
جاری۔ یو این آئی۔ ظ ح بٹ