NationalPosted at: Jan 11 2025 8:50PM بی جے پی رمیش بدھوڑی کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنا رہی ہے: کیجریوال
نئی دہلی، 11 جنوری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے وزیراعلیٰ کے لئے رمیش بدھوری کے نام کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جب مسٹر بدھوری کے نام کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا تو ایک دن عوامی بحث ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے جو بھی امیدوار بنے اسے عوامی ڈیبیٹ کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر بدھوڑی کو دہلی کے لوگوں کو بتانا چاہئے کہ انہوں نے بطور ایم پی دس برسوں میں کیا کام کیا ہے۔ انہیں اپنا وژں بتانا چاہئے کہ وہ دہلی کے لئے کیا کرنے والے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے انتخابات قریب ہیں اور انتخابات میں ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ کس پارٹی کا کون وزیر اعلیٰ کا امیدوار ہے۔ اے اے پی کی طرف سے یہ بات شروع سے ہی معلوم تھی، پوری پارٹی نے فیصلہ کیا تھا اور اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اروند کیجریوال وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔ بی جے پی کا پتہ نہیں چل رہ تھا۔ ذرائع سے معلوم ہوا کہ سی ای سی میٹنگ میں بی جے پی نے شاید فیصلہ کیا ہے کہ رمیش بدھوری ان کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔
مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ذرائع کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ مسٹر بدھوری کے نام کا باضابطہ اعلان ایک دو دن میں کر دیا جائے گا۔
یواین آئی۔الف الف