NationalPosted at: May 18 2024 10:04PM اپنے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ کل بی جے پی ہیڈکوارٹر جائیں گے: کیجریوال
نئی دہلی، 18 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے لیڈروں کو ایک ایک کرکے جیل میں ڈالا جا رہا ہے، اس لئے وہ اتوار کو پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ بی جے پی کے ہیڈکوارٹر جائیں گے تاکہ وہ جنہیں چاہیں انہیں جیل میں ڈال دیں۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جیل-جیل کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی ایک کو جیل میں ڈال دیتے ہیں اور کبھی دوسرے کو جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا "میں کل 12 بجے اپنی پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ بی جے پی ہیڈ کوارٹر جاؤں گا، آپ جسے چاہیں گرفتار کر سکتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ ’’آپ کو لگتا ہے کہ اپنے لیڈروں کو جیلوں میں ڈالے جانے سے عام آدمی پارٹی تباہ ہو جائے گی، لیکن عام آدمی پارٹی صرف ایک پارٹی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، اسے تباہ نہیں کیا جاسکتا‘‘۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے غریب بچوں کی اچھی تعلیم کا انتظام کیا، سرکاری اسکولوں کو بہترین بنایا۔ انہوں نے کہا "وہ اسے نہیں بنا سکتے، اسی لیے وہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کو بند کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے دہلی کے اندر محلہ کلینک اوراسپتال بنائے۔ لوگوں کے علاج معالجے اور مفت ادویات کا انتظام کیا۔ بی جے پی دہلی کے کاموں کو روکنا چاہتی ہے۔
یو این آئی ۔ ع خ