InternationalPosted at: Sep 21 2020 9:31AM خلیل زاد کی فریقین سے افغانستان میں تشدد میں کمی لانے کی اپیل
ماسکو،21 ستمبر(اسپوتنک) افغانستان میں قیام امن اور مفاہمت کے لئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں امن مذاکرات کے دوران افغانستان میں دونوں فریقوں کے درمیان ہونے والے تشدد کو کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
اتوار کے روز مسٹر خلیل زاد نے کہا ’’ گذشتہ کچھ دنوں میں افغانستان میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ مایوس کن ہے کیونکہ بہت سارے افغان شہری اس میں ہلاک ہوئے ہیں۔ افغانستان امن مذاکرات کے حالیہ آغاز کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ دونوں فریق تشدد کو کم کریں۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے مابین جاری امن مذاکرات کے باوجود گزشتہ دنوں پر تشدد جھڑپوں اور بم دھماکوں کے واقعات ہوئے ہیں ۔
اتوار کے روز ایک مقامی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کے صوبے ارزگان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسند گروپ کے مابین جاری جھڑپوں میں کم از کم دس پولیس افسران اور 15 طالبان ارکان ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ ارزگان کے ضلع گزاب میں سیکڑوں طالبان جنگجوؤں نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا اور گذشتہ تین دنوں میں بیشتر علاقے پر کنٹرول کر لیا ہے۔
اسپوتنک،اظ