RegionalPosted at: Mar 7 2021 7:02PM قبائلیوں کی تعلیمی ترقی بے حد ضروری: کووند
دموہ، 7 مارچ (یواین آئی) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ تعلیم ہی کسی بھی شخص یا برادری کی ترقی کا سب سے موثر ذریعہ ہے، اس لیے قبائلی برادری کی تعلیمی ترقی کے لئے کوشش کرنا بہت اہم ہے مسٹر کووند نے مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ کے سنگرام پور میں ریاستی سطح کی قبائلی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل، وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، سیاحت و ثقافت کے مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل اور مرکزی قبائلی وزیر فگن سنگھ کلستے بھی موجود تھے۔صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں اس خطے کی مشہور رانی درگاوتی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں دیوی کی حیثیت سےاحترام کرتے ہیں۔ وہ بہادری اور جرات کی علامت تھیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو بھی یاد کیا اور کہا کہ ان کے دور میں ہی مرکزی حکومت میں ایک علیحدہ قبائلی امور کی وزارت تشکیل دی گئی تھی۔مسٹر کووند نے قبائلی بہادری کی داستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انگریزی حکومت کے دوران اگر ہمارے قبائلی بھائی بہنوں نے بہادری اور ہمت کا مظاہرہ نہیں کیا ہوتا، تو ہماری انمول جنگلی املاک کا اوربھی بڑے پیمانے پر استحصال ہوچکا ہوتا۔ اس طرح انہوں نے ہمارے قدرتی وسائل کے نگہبان اور محافظ کا کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ قبائلی برادری نے جدوجہد آزادی میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ لہذا قومی سطح پر ان کا احترام کیا جاتا ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ قبائلی برادری کی فلاح و بہبود اور ترقی پورے ملک کی فلاح و بہبود اور ترقی سے مربوط ہے۔ اس سوچ کے ساتھ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ قبائل کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے مختلف اسکیمیں چلائی جارہی ہیں۔یواین آئی۔الف الف